پاکستان سے نحوست کے سائے چھٹنے والے ہیں بہت جلد قوم بہترین خوشخبری سنے گی : حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگاڑا

خان پور (فیاض بلوچ سے)حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگاڑا ہشتم صبغت اللہ راشدی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام پر جو حکمران مسلط ہیں ان کی وجہ سے اللہ پاک ہم پر ناراض ہے سب ملکر دعا کریں کہ ملک و قوم کو ایسے حکمرانوں سے نجات مل جائے، خان پور کے علاقہ ہیڈ فرید میں مریدین کے اجتماع سے خطاب اور اجتماعی دعا سے قبل معروف سیاسی شخصیات میاں غوث محمد اور میاں اسلام اسلم سمیت دیگر سے خصوصی ملاقات میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان سے نحوست کے سائے چھٹنے والے ہیں بہت جلد قوم بہترین خوشخبری سنے گی اور وہ آنے والی تبدیلی ملک و قوم کیلئے انتہائی مثبت ہوگی ، انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے ووٹ مانگنے والے اب عوام کے مسائل سے آنکھیں پھیر چکے ہیں ان حالات میں ہم سب کو ملکر اجتماعی طور پر اپنے اعمالات درست کر کے بہتری کی طرف توجہ دینی چاہیے  بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم این اے اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں عبدالستار کی رہائش گاہ پر عمائدین علاقہ اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل آنے والے انتخابات میں جماعت اسلامی ، جے یو آئی ، جے یو پی اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے رابطوں میں ہے پیپلز پارٹی کے علاوہ ہر پارٹی سے پاکستان کی بہتری کیلئے گفتگو ہو سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ میں ایم این اے میاں عبدالستار کے گھر نہ تو ان کی حمایت کیلئے آیاہوں اور نہ ہی میں ان کو فنکشنل لیگ میں شامل ہونے کیلئے دعوت دینے کیلئے آیا ہوں بلکہ ہمارے خاندانوں کے درمیان بڑے پرانے مراسم ہیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں عبدالستارنے کہا کہ میری اس تقریب میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کے علاوہ عمائدین شہر موجودہیں یہ تقریب خالصتاً مذہبی ہے اس موقع پر ایم پی ایز کرنل نوید ساجد ، میاں محمداسلم ایڈووکیٹ، صدر مرکزی انجمن تاجران حاجی مقبول احمد بھٹی ، سابق تحصیل ناظم حاجی محمد مراد خاں، مسلم لیگی رہنما میاں طارق جاوید ، محمدارشد رحمانی ، رئیس محمد کلیم ، مفتی مظہر مختا ر درانی ، جام عرض محمدلاڑ اور دیگر بھی موجود تھے علاوہ ازیں پیر صاحب پگاڑا نے چولستان کے مختلف علاقوں میں مہر دین بوہڑی ، کریم بخش جنجر، پٹھان فقیر، میوا فقیر ، صدیق بھٹہ ، غلام حسین منگریہ ، قائم دین راجڑ، احمد راجڑ، کریم بخش گمنہ ، سونا راجڑ، فتح محمد بھمبھرا، حاجی یار محمد، غلام مصطفی فقیر ، مجید کٹوال کے گھر گئے اور مریدین سے ملاقاتیں کیں اس موقع پر عبداللہ فقیر کی جانب سے ان کے گھر آمد پر پیر صاحب پگاڑا کی تاج پوشی بھی کی گئی، ہیڈ فرید پر خطاب کے دوران ہزاروں کی تعداد میں مریدین عقیدت کی نیت سے ننگے پائوں دعا میں شریک ہوئے۔

Related posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *